Time 30 اکتوبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

بھارت کی مہنگی ترین فلم 2.0 کیلئے ریلیز مسئلہ بن گئی

— فوٹو:بشکریہ فلم ٹوئٹر اکاؤنٹ

بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی نئی فلم ’پیڈمین‘ کی ریلیز کی وجہ سے بھارتی میگا بجٹ فلم ’2.0‘کی نمائش کی دوسری مرتبہ مؤخر کر دی گئی ہے۔

فلم 2.0 مہنگی ترین بھارتی فلم ہونے کے ساتھ ساتھ پہلی انڈین تھری ڈی فلم بھی ہے جس میں اکشے کمار اور معروف اداکار رجنی کانت دونوں پہلی مرتبہ ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

یہ فلم 450 کروڑ کے خطیر بجٹ سے بنائی جارہی ہے اور یہ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم’ربورٹ‘ کا سیکوئل ہے۔

فلم کو رواں سال دیوالی پر ریلیز ہونا تھا مگر ایک ساتھ 2 بڑی فلموں کی نمائش کے باعث اس کی ریلیز جنوری 2018 تک ملتوی کر دی گئی۔

لیکن اب ایک بار پھر اس کی ریلیز کی تاریخ 25 جنوری سے آگے بڑھاتے ہوئے 13 اپریل 2018 کردی گئی ہے۔

فلمسازوں نے ریلیز کی تاریخ میں تبدیلی کی وجہ ویژول ایفیکٹ (وی ایف ایکس) میں ہونے والے کام کو قرار دیا ہے لیکن بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریلیز میں تاخیر کی وجہ اکشے کمار ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کے پروڈکشن ہاؤس کی فلم ’پیڈمین‘ کی نمائش 26 جنوری 2018 کو ہونی ہے جس میں مرکزی کردار اکشے کمار نبھا رہے ہیں۔

اکشے کی ایک ساتھ دونوں فلموں کی نمائش سے فلم ’پیڈمین‘ کا باکس آفس پر کاروبار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے اس لیے فلم ’2.0‘ کی نمائش مؤخر کی گئی ہے۔

اکشے کمار نے گزشتہ روز ہی اپنی فلم ’پیڈمین‘ کا پہلا پوسٹر بھی جاری کیا تھا اور ساتھ بتایا تھا کہ فلم 26 جنوری کو ریلیز ہو گی۔

مزید خبریں :