Time 01 نومبر ، 2017
پاکستان

گٹکے کی تیاری اور فروخت نہ رُکنے پر سندھ ہائیکورٹ برہم

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے گٹکے کی تیاری اور فروخت پر قابو نہ پانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں گٹکے کی فروخت کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران صوبائی حکومت کی طرف اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ گٹکے کی تیاری و فروخت کے خلاف کب سے کارروائیاں جاری ہیں جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ 6 ماہ سے سندھ بھر میں گٹکے کے خلاف مہم جاری ہے۔

عدالت نے گٹکے کی تیاری اور فروخٹ پر قابو نہ پانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے اب تک اس پر قابو کیوں نہیں پایا جاسکا ہے، کیا یہ مہم نیشنل ایکشن پلان کے تحت شروع کی گئی جو اب تک قابو نہیں پایا جا سکا۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ گٹکے کی تیاری و فروخت کے خلاف سندھ ہائیکورٹ متعدد فیصلے دی چکی ہے، عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کو حکم دیا کہ تمام فیصلوں کی نقول اور سندھ حکومت کا جامع جواب داخل کرائیں۔

واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں گٹکے کی فروخت اور تیاری پر پابندی عائد کررکھی ہے جس کے باعث پولیس گٹکا مافیا کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے تاہم کراچی میں چوری چھپے گٹکے کی تیاری اور فروخت جاری ہے۔

مزید خبریں :