01 نومبر ، 2017
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان نے اکشے کھنہ کو خود سے بہتر اداکار قرار دے دیا۔
شاہ رخ خان فلم نگری کے سپر اسٹار ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے پروڈیوسر بھی ہیں اور ان کا پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ‘ کے نام سے ہے جس کے بینر تلے انہوں نے حال ہی میں اپنے پرانے دوست کرن جوہر کے ساتھ فلم ’اتفاق‘ پروڈیوس کی ہے۔
فلم 1969 یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’اتفاق‘ کا ہی ریمیک ہے جس کی کہانی ایک ایسے اندھے قتل کی ہے جس کا کوئی ثبوت نہیں ہوتا جب کہ فلم میں اکشے کھنہ پولیس افسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔
فلم کی تشہیری مہم کے موقع پر شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ اکشے کھنہ نے فلم میں جو کردار نبھایا وہی کردار کرنے کا خواہش مند تھا لیکن ان کا نام آنے کے بعد خود ہی فلم سے اپنا نام الگ کرلیا۔
کنگ خان نے کہا کہ اکشے کھنہ کئی کرداروں کے لیے مجھ سے بہترین اداکار ہیں۔
فلم ’اتفاق‘ میں سدھارت ملہوترا، اکشے کھنہ اور سوناکشی سنہا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے اور یہ فلم 3 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔
اکشے کھنہ لیجنڈری اداکار ونود کھنہ کے صاحبزادے ہیں اور کئی شہرہ آفاق فلموں میں اداکاری کے باوجود فلمی کیرئیر میں کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کرسکے ہیں۔