پاکستان
Time 03 نومبر ، 2017

ژوب میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا سہولت کار گرفتار

آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا— فوٹو : آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد کے تحت بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایف سی اور انٹیلی جنس اداروں کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا جسے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد، دیسی ساختہ بم اور بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جو کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے لیے چھپاپا گیا تھا۔

علاوہ ازیں ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں منڈی خیل کے قریبی علاقے  ڈوسالی میں بھی سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جس میں مواصلاتی آلات اور انتہا پسندی پر مبنی مواد برآمد کیاگیا۔

کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا جس میں بندوقیں، مارٹر گولے ، راکٹ لانچرز، آئی ای ڈیز اور دیگر دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔

مزید خبریں :