Time 07 نومبر ، 2017
پاکستان

اعلانیہ کہہ رہے ہیں ایم کیو ایم کو دفن کرنا ہے، مصطفیٰ کمال

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو دفن کرنا پاک سرزمین پارٹی کی پالیسی ہے،اس کیلئے ہر طریقہ استعمال کریں گے۔

کراچی میں پی ایس پی کے الیکشن سیل کے افتتاح کے موقع پر مصطفیٰ کمال  کا کہنا ہے کہ فاروق ستار بانی ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو اپنے مفاد میں استعمال کررہے ہیں، اب کوئی سینیٹر، ایم این اے یا ایم پی اے ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر پی ایس پی میں آیا تو اُس سے استعفیٰ نہیں لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پارٹی آئندہ الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان کو ناکوں چنے چبوانے کیلئے تیار ہے۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وہ فاروق ستار اینڈ کمپنی کے ’مستعار مینڈیٹ‘ کے ساتھ کیا کرنے والے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم کا خاتمہ ان کی پارٹی پالیسی ہے اور اس کیلئے ہر طریقہ اختیار کریں گے۔

تقریب سے ڈاکٹر صغیر، رضا ہارون اور ارشد وہرہ نے بھی خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی ایکسپائری ڈیٹ گزر چکی ہے، پی ایس پی آئندہ الیکشن میں ان کی ضمانتیں ضبط کرادے گی۔

مزید خبریں :