08 نومبر ، 2017
آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دے دی۔
ہاکی کے میدان پر پاکستان کی یہ بدترین شکست ہے ، اس سے پہلے 2006 کی چیمپئنز ٹرافی میں ہالینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دی تھی، لیکن آسٹریلیا کے خلاف پاکستان صرف ایک ہی گول کرسکا اور پاکستان کو اپنی ہاکی کی تاریخ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میلبرن میں جاری انٹرنیشنل فیسٹیول آف ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان، آسٹریلیا، جاپان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پہلے میچ میں پاکستان کا سامنا آسٹریلیا سے ہوا جس میں اسے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اس میچ میں بلیک گوورز نے ہیٹ ٹرک اسکور کی جبکہ ایرن کلائنشمنٹ نے 2 گول کئے۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول 32 ویں منٹ میں ابو محمود نے کیا۔
اس ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان ٹیم کا انتخاب بغیر ٹرائلز کے کیا گیا تھا اور ایشیاء کپ میں تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو فارغ کرکے نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا۔
ٹیم کے ساتھ ساتھ اس وقت پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز احمد، سلیکشن کمیٹی کے رکن ایاز محمود بھی موجود ہیں۔
چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ 9 نومبر کو جاپان کے خلاف میچ کھیلے گی۔