Time 08 نومبر ، 2017
پاکستان

عامر خان پی ایس پی سے مفاہمت پر ناخوش


ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے اپنی پارٹی کی پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ مفاہمت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عامر خان اس وقت عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں سے وہ کل وطن واپس پہنچیں گے۔ 

عامر خان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو صورتحال سامنےآئی ہے اس پرتشویش ہے۔ ’کل رات عمرے سے وطن واپس پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لوں گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کو مذاکرات کے لیے جو مینڈٹ دیا تھا وہ اس فیصلے سے مختلف تھا، جو طے ہوا تھا وہ یہ نہیں تھا لیکن موجودہ صورتحال اس سے الگ ہے۔

عامر خان نے کہا ہے کا کہنا تھا کہ ساتھیوں کے ساتھ ہونے والے رابطے میں طے ہوا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان الیکشن میں اپنے نام سے ہی حصہ لے گی اور پتنگ کے نشان سے ہی انتخابات لڑے گی۔

دوسری جانب خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عامر خان پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ ہونے والی سیاسی صورت حال پر آن بورڈ ہیں اور ان سے ٹیلی فون پر مسلسل رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی قائدین آج (بدھ) کو کراچی پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنما گزشتہ دو ماہ سے آپس میں رابطے میں تھے اور دونوں جماعتوں نے کراچی کے معاملے پر مل کر سیاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید خبریں :