Time 09 نومبر ، 2017
پاکستان

موجودہ حالات میں قوم کی بہتری قبل از وقت انتخابات میں ہے، عمران خان

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جب کسی کا مینڈیٹ مشکوک ہوجائے تو الیکشن کرایا جاتا ہے اور موجودہ حالات میں قوم کی بہتری قبل از وقت انتخابات میں ہے۔

چترال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت جہاں ملک کھڑا ہے سوائے قبل از وقت الیکشن کے کوئی چیز نظر نہیں آرہی، کوئی احمق ہے جو اسے جمہوریت کے خلاف کہہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں ٹریسامے اور ترکی میں اردگان نے الیکشن کرایا اور یہ عمل جمہوریت کو تقویت بخشتا ہے اور جتنی جلدی الیکشن ہو اتنا ہی فائدہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، اسٹاک مارکیٹ گررہی ہے اور وزیراعظم اپنی ایئرلائن کے لئے برطانیہ گئے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بھائی سے سمجھوتہ کرنے لندن گئے کہ وہ پیچھے ہوجائیں اور انہیں پارٹی سنبھالنے دیں، کیا ملک کے یہ مسائل ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملکی معیشت کا حال یہ ہے کہ وزیر خزانہ آج بستر پر پڑے ہیں ان پر کیسز ہیں جب کہ وزیر خارجہ کا اقامہ نکل آیا جو دبئی سے 50 ہزار درہم تنخواہ لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ملک کو انتخابات کی طرف لے کر جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاناما کیس کے نظرثانی کے تفصیلی فیصلے میں عدالت نے کہہ دیا کہ انہوں نے سارے اداروں پر اپنے لوگ بٹھائے، سابق چیرمین نیب کو عبرت ناک سزا دینی چاہیے کیوں کہ وہ قوم کے پیسے پر چیرمین بنے اور انہوں نے ڈاکوؤں کا پیسہ بچانے کی پوری کوشش کی۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کررہا ہے، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا نریندر مودی کی حکومت کا پلان ہے، بلوچستان سے کلبھوشن کا پکڑا جانا پلان کا منہ بولتا ثبوت ہے، اسکے لیے ساری قوم کو متحد ہوکر فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔



مزید خبریں :