Time 10 نومبر ، 2017
پاکستان

حسن اور حسین نواز کی بذریعہ اشتہار عدالت طلبی کیلئے 30 روزہ ڈیڈ لائن ختم

سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کی نیب ریفرنسز میں بذریعہ اشتہار عدالت طلبی کے لیے 30 روزہ ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔ 

عدالتی ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد مفرور ملزمان حسن اور حسین نواز کو اشتہاری ملزم قرار دے کر جائیداد ضبطگی کی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ 

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنسز میں سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو مفرور ملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ اور انہیں اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ 

9 اکتوبر کو دونوں ملزمان کی بذریعہ اشتہار عدالت طلبی کا حکم جاری کیا گیا اور یہ اشتہار لاہور میں ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ اور احتساب عدالت کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کیے گئے۔

اشتہار میں کہا گیا کہ دونوں ملزمان نے ایسا جرم کیا جو نیب آرڈی نینس 1999 کے تحت قابل سزا جرم ہے، ملزمان کے خلاف ریفرنسز زیر سماعت ہیں، ان کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے مگر وہ مفرور ہیں یا گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو چھپا رکھا ہے۔

اشتہار میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے خلاف دائر ریفرنسز میں جواب دینے کے لیے عدالت میں پیش ہوں ورنہ انہیں اشتہاری ملزم قرار دے دیا جائے گا اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 88 کے تحت ان کی جائیداد کو قرق کر لیا جائے گا۔

حسن اور حسین نواز کو اشتہاری ملزم قرار دینے اور اثاثوں کی ضبطگی سے متعلق سماعت 14 نومبر کو ہوگی۔

نوٹ: یہ خبر 10 نومبر کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :