پاکستان
Time 10 نومبر ، 2017

لاہور میں اسموگ کے باعث 70 پروازیں تاخیر کا شکار

لاہور: پنجاب میں اسموگ کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول شدید متاثر ہوا ہے جس سے 70 پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کے ساتھ ساتھ فلائٹ شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند کی وجہ سے کولمبو جانے والی پرواز یو ایل 186 بارہ گھنٹے اور ابو ظبی جانے والی پرواز پی اے 430 دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

دبئی جانے والی پروازای کے 623 نو گھنٹے، ابوظبی جانے والی پرواز ای وائی 242 بارہ گھنٹے، کویت جانے والی پرواز کے یو 204 سات گھنٹے اور استنبول جانے والی پرواز 715 دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بحرین جانے والی پرواز جی ایف 765 آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جب کہ دوحا جانے والی پرواز کیو آر 621 منسوخ کردی گئی۔

واضح رہے کہ پنجاب میں شدید دھند اور اسموگ کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہواہے جب کہ سانس اور دمہ کی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں۔

مزید خبریں :