10 نومبر ، 2017
پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی اہلیہ کو شوہر سے ملاقات کی پیش کش کی ہے۔
دفترخارجہ کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کو بھیجے گئے مراسلے میں ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کی باقاعدہ پیش کش کی گئی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو اہلیہ سے ملاقات کی اجازت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کو کہا گیا ہے کہ کلبھوشن کی اہلیہ کو پاکستانی ویزا جاری کیا جائے گا اور بھارتی جاسوس کی اہلیہ سے ملاقات پاکستان میں ہی ہو گی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کو بھیجے گئے مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کلبھوشن یادیو پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کر چکا ہے۔