13 نومبر ، 2017
بہاول پور میں شادی کے بعد شوہر اور ان کا ساتھی نئی نویلی دلہن کے جہیز کا سامان لیکر فرار ہوگئے۔
24 سالہ ہما اصغر کا تعلق بہاول پور کے علاقے گرین ٹاؤن سے ہے، ہما کو میوزک کا شوق تھا اور یہی شوق اسے میوزک اکیڈمی لے گیا جہاں ان کی سکندر سے دوستی ہوگئی اور انہوں نے شادی کی خواہش ظاہر کردی۔
ہما کے والدین شادی کیلئے تیار ہوگئے لیکن سکندر کے والدین شادی کیلئے تیار نہ ہوئے۔
متاثرہ خاتون کے مطابق اسی طرح سال ڈیڑھ سال گزر گیا۔ اس دوران سکندر نے ان سے ایک مسجد میں شرعی نکاح کرلیا لیکن نکاح نامہ تیار نہیں کرایا اور بات ٹالتا رہا، اسی میں ایک سال گزرگیا جس پر ہما نے سکندر سے تعلق توڑ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ بعد ہی سکندر نے دوستوں کے ذریعہ رابطہ کیا، ہما سے معافی مانگی اور اپنی غلطی کے ازالے کا وعدہ کیا جس پر وہ تیار ہوگئیں۔
بعدازاں سکندر نے ہما سے مقامی عدالت میں جا کر کورٹ میرج کرلی۔
کورٹ میرج کے بعد سکندر نے چیمہ ٹاؤن فیز ٹو میں کرائے کا مکان لیا اور دلہن کو رخصت کر کے لے گیا اور پھر شادی کے چار روز بعد جب بیوی میکے گئی تو شوہر ایک ساتھی کے ہمراہ بیوی کے 47 ہزار روپے نقدی، لیپ ٹاپ اور جہیز کا سارا سامان لے کر فرار ہوگیا۔
تھانا صدر پولیس نے لڑکی کی درخواست پر شوہر سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔