شو بند ہونے کے باوجود کپل شرما کا رویہ تبدیل نہ ہوا

— فوٹو:فائل

معروف کامیڈین کپل شرما اپنا شو بند ہونے کے باوجود نہیں سدھرے اور اس بار انہوں نے بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار کو بھی ناراض کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کپل شرما کو اپنی آنے والی فلم ’’فرنگی‘‘ کی تشہیر کے لیے اکشے کمار کے شو ’’گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘‘ میں پہنچنا تھا تاہم وہ اکشے کمار کو طویل انتظار کروا کر بھی شو کے سیٹ پر نہ پہنچے۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل کامیڈین کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان آسٹریلیا سے واپسی پر جہاز میں لڑائی ہوگئی تھی جس کے باعث سنیل سمیت 4 فنکاروں نے ’’دی کپل شرماشو‘‘ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

شو کو ایک ساتھ کئی کامیڈین کے چھوڑ جانے کے بعد کپل کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا تھا اور شو کی ٹی آرپی بھی تیزی سے نیچے آگئی تھی جبکہ نئے اداکاروں کی انٹری کے باوجود شو دوبارہ کامیابی کی رہ پر نہ چل سکا تھا۔

شو کی مقبولیت میں آنے والی کمی کی وجہ سے کپل شرما ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے تھے اور ان کی طبعیت خراب رہنے لگی تھی۔

اس دوران اپنی فلموں کی مشہوری کے لیے کپل شرما شو پر آنے والے شاہ رخ خان، امیتابھ بچن اور انیل کپور سمیت کئی اداکار شو کے سیٹ پر کپل کا طویل انتظار کرکے شوٹ کیے بغیر واپس جاچکے ہیں جس پر چینل انتظامیہ نے شو کو بند کرنے میں ہی عافیت جانی تھی۔

لیکن اب شو کی بندش بھی کپل کو سدھارنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے اور ایک بار پھر کپل نے اکشے کمار کو طویل انتظار کرادیا۔

کپل شرما کو اپنی فلم ’فرنگی‘ کی تشہیر کے لیے اکشے کمار کے شو پر صبح 11 بجے پہنچنا تھا اور اکشے سمیت پوری ٹیم 10 بجے ہی پہنچ چکی تھی لیکن کپل شرما 3 گھنٹے کے طویل انتظار کے بعد بھی سیٹ پر نہیں پہنچے۔

کپل کی ٹیم ان سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کرتی رہی لیکن ان کا فون بند تھا جس پر اکشے کمار کو طویل انتظار کے بعد کپل کے بغیر ہی شو کی شوٹنگ شروع کرنی پڑی۔

کامیڈین کپل شرما کی ٹیم نے کپل کے شو میں شرکت نہ کرنے کی وجہ خراب طبیعت کو قرار دیا ہے جب کہ شو کے جج ساجد خان نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کپل کی خراب طبیعت کا سنا ہے اور ان کے ساتھ شو کی شوٹنگ نہ ہونے کا دکھ ہے۔ 

دو روز قبل ہی کپل شرما  سلمان خان کے ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے سیٹ پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنی فلم کی جم کر تشہیر کی تھی۔

یاد رہے کہ فلم ’فرنگی‘ کامیڈین کپل شرما کے کیریئر کی دوسری فلم ہے جو 24 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :