28 نومبر ، 2017
بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی نے گدھوں کو بھی نہ چھوڑا،اتر پردیش میں پولیس نے جیل کے باہر قیمتی پودے کھانے والے گدھوں کو جیل کی ہوا کھلادی۔
بھارتی ریاست اترپردیش میں جیل کے باہر پودے کھانے والے گدھوں کو پولیس نے جیل کی ہوا کھلادی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں قیمتی پودے کھانے پر گدھوں کے ریوڑ کو چار دن جیل کی سزا مل گئی۔
گدھوں نے یورائی جیل کے باہر رکھے گئے پانچ لاکھ روپے کے قیمتی پودوں کو اپنا نوالہ بنانا شروع کیا اور پولیس اہلکاروں کے روکنے باوجود پودے کھانے پر جیل انتظامیہ نے گدھوں کے ریوڑ کو ضلعی جیل میں قید کرلیا۔
ضلع جالونا پولیس کے ایک اہلکار نے میڈیا کو بتایاکہ 8 گدھوں نے جیل کے باہر رکھے قیمتی پودوں کو کھایا،اہلکاروں نے دو تین مرتبہ گدھوں کے بھگایا لیکن گدھے باز نہ آئے جس کے بعد انہیں جل میں بند کردیا گیا۔
گدھے لاپتہ ہونے پر ان کا مالک انہیں ڈھونڈتا ڈھونڈتا جیل پہنچ گیا جہاں اسے پتا چلا کہ اس کے گدھوں کو جیل میں بند کردیا گیا ہے۔
مالک نے جیل حکام سے درخواست کی کہ جانوروں کو چھوڑ دیا جائے لیکن جیل حکام نے اس کی ایک نہ سنی۔
بعد ازاں گدھوں کے مالک نے بی جے پی کے مقامی رہنما سے رابطہ کیا جنہوں نے تھانے پہنچ کر گدھوں کو چھوڑنے کی سفارش کی اور پھر آٹھوں گدھوں کو رہا کردیا گیا۔