29 نومبر ، 2017
ریسلنگ رِنگ کے چیمپیئن جان سینا نے کرکٹ بیٹ پکڑ کر بالی وڈ اسٹار عامر خان کی فلم ’لگان‘ کے گورن کی یاد تازہ کردی۔
معروف ریسلر جان سینا اپنی فلم کی تشہیر کے لیے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں مقیم ہیں جہاں انہوں نے فلم کی تشہیر کے ساتھ ساتھ مختلف تقریبات میں بھی شرکت کی۔
اپنے دورے کے دوران معروف ریسلر نے آسٹریلیا کی ڈومیسٹک ٹیم سڈنی تھنڈر کے کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی لیکن جان سینا کے بیٹ پکڑنے کے انداز نے بالی وڈ فلم ’لگان‘ کے کردار گورن کی یاد تازی کردی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جان سینا 'لگان' فلم کے گورن کی طرح بلا تھامے چھکا لگانے کی ناکام کوشش میں آؤٹ ہوجاتے ہیں۔
فلم 'لگان' میں گورن کا کردار آنجہانی اداکار راجیش ویویک نے نبھایا تھا، جنہوں نے متعدد فلموں میں معاون کردار ادا کیے۔
یارہے کہ عامر خان کی فلم ’لگان‘ 2001 میں ریلیز کی گئی تھی اور فلم کو آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔