پاکستان
Time 04 دسمبر ، 2017

سرکاری اراضی کی خریداری، نیب نے ڈی ایچ اے کیخلاف تحقیقات شروع کردیں


سندھ کے ضلع جامشورو میں سرکاری زمین کو نجی ملکیت ظاہر کرکے فروخت کرنے کے معاملے میں قومی احتساب بیوو (نیب) نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کراچی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

سندھ کے محکمہ ریوینیو پر الزام ہے کہ اُس نے کاغذات میں ہیر پھیر کے ذریعے سپر ہائی وے پر واقع سرکاری زمین کو نجی ملکیت ظاہر کرکے ڈی ایچ اے کو فروخت کردی۔

نیب ذرائع کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جس میں محکمہ ریوینیو جامشورو کے افسران کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جامشورو کی زمین ڈی ایچ اے کراچی کو بیچی گئی، ڈی ایچ اے کراچی نے سال 2015 میں 700 ایکڑ سے زائد زمین خریدی۔

نیب کراچی نے اس سلسلے میں ڈی ایچ اے کے سابق ایڈمنسٹریٹر بریگیڈئیر ریٹائرڈ زبیر احمد کو متعلقہ دستاویزات کے ساتھ طلب کیا جنہوں نے نیب حکام کو اپنا بیان ریکارڈ کروادیا ہے۔

خیال رہے کہ سپر ہائی وے پر کراچی اور جامشورو کے قریب ڈی ایچ اے فیز 9 پر تعمیراتی کام جاری ہے جسے ڈی ایچ اے سٹی بھی کہا جاتا ہے۔

مزید خبریں :