10 دسمبر ، 2017
بالی وڈ چائلڈ اسٹار زائرہ وسیم نے بتایا ہے کہ انہیں دوران پرواز جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہے۔
چائلڈ اسٹار زائرہ وسیم نے انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو چیٹ میں روتے ہوئے کہا کہ دہلی سے ممبئی پرواز کے دوران انہیں ایک شخص نے ہراساں کیا ہے ۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری اور ویڈیو میں کہا کہ ایک نامعلوم شخص نے بار بار انہیں پاؤں لگایا کبھی وہ پاوؤں سے ان کی گردن چھوتا تو کبھی کمر پر پاؤں لگاتا جس پر وہ خوفزدہ ہوگئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایئر لائن عملے سے مشکوک شخص کی شکایت کی لیکن ایکشن نہیں لیا گیا تاہم انہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اپنی خواتین کو ایسے عزت دیتے ہیں۔
دوسری جانب وسٹرا ایئر لائن کی انتظامیہ نے زائرہ وسیم کی شکایت پر رد عمل دیتے ہوئے ٹوئٹر میں اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ان کی شکایات پر تحقیقات جاری ہیں اس قسم کا رویہ کسی کے ساتھ بھی ناقابل برداشت ہے۔
واضح رہے کہ چائلڈ اسٹار زائرہ وسیم فلم ’دنگل‘ اور ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ میں بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔