11 دسمبر ، 2017
لاہور میں منعقدہ تین روزہ رنگارنگ برائیڈل کوچیور ویک اپنی رعنائیاں بکھیر کر اختتام پذیر ہوگیا۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں جاری فیشن کے میگا ایونٹ کے تیسرے اور آخری روز ڈیزائنر علی ذیشان، منیب نواز، ماہین تاثیر، نکی اینڈ نینا، آصفہ اینڈ نبیل اور عظمیٰ بابر سمیت دیگر کی برائیڈل اور فارمل کلیکشنز پیش کی گئی۔
شو کے آخری روز معروف اداکارہ صبا قمر بھی ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں مگر واک کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور دھڑام سے نیچے آگریں۔
لیکن اُس وقت حاضرین داد دیئے بغیر نہ رہ سکے جب وہ فوراً ہی سنبھل گئیں اور نہایت اعتماد سے واک جاری رکھی۔
ایونٹ کے دوران عروسی ملبوسات کی چمک دمک کے ساتھ روایت اور جدت کے حسین امتزاج نے بھی حاضرین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔
تین روزہ فیشن ویک میں مجموعی طور پر 21 ڈیزائنرز کے ملبوسات پیش کیے گئے، جنھیں دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستانی ڈیزائنرز فیشن کی دنیا میں کسی سے کم نہیں۔