11 دسمبر ، 2017
بھارت نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی موجودگی میں ایشیا کپ کی میزبانی نہیں کر سکتے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی حکام نے اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کو بھی آگاہ کر دیا ہے جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سیکرٹری امیتابھ چوہدری کا کہنا ہے کہ آئندہ چار سال تک پاکستان سے دو طرفہ کرکٹ کا کوئی امکان نہیں ہے۔
بی سی سی آئی کی جانب سے بھارتی ٹیم کے چار سالہ فیوچر ٹور کے شیڈول میں پاکستان کے ساتھ کوئی بھی سیریز طے نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کی گورننگ باڈی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیتابھ چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی حکومت پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیتی ہے تو دو طرفہ کرکٹ کی کوئی صورت حال بن سکتی ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط ہوئے تھے جس کے مطابق دونوں ٹیموں کو دوطرفہ سیریز کھیلنا تھیں۔
گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بی سی سی آئی کے خلاف سال 2014-15 کے دوران معاہدے کے باوجود دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں 7 کروڑ ڈالر ہرجانے کی درخواست دائر کی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجے گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔