14 دسمبر ، 2017
نامور بالی وڈ اداکارہ ملیکا شراوت اور ان کے شوہر پیرس میں ایک کروڑ سے زائد روپے کے مقروض ہیں جس کے باعث انہیں فلیٹ سے بے دخل کیے جانے کا خدشہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ملیکا شراوت اور ان کے شوہر پیرس میں جس فلیٹ میں رہائش پزیر ہیں، کرائے کی مد میں اس کے 80 ہزار یورو یعنی 94551 امریکی ڈالر کے مقروض ہیں۔
یاد رہے کہ ملیکا شراوت اور ان کے فرنچ شوہر پیرس کے مہنگے ترین علاقے میں 350 اسکوائر میٹر کے فلیٹ میں رہتے ہیں۔
ملیکا شراوت کے وکیل کا کہنا ہے کہ اداکارہ فلیٹ کا کرایہ ادا نہ کر کے گزشتہ برس اداکارہ کو بلڈنگ میں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے اپنے غصے کا اظہار کرنا چاہتی ہیں۔
دوسری جانب فلیٹ کے مالک کی جانب سے ملیکا شراوت کے فرنیچر اور قیمتی گھڑی کو ضبط کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
فلیٹ مالک کے وکیل کا کہنا ہے کہ متعلقہ جوڑا 14 نومبر تک ان کے موکل کا 78 ہزار 786 یورو کا مقروض ہو چکا ہے۔
وکیل کی جانب سے ایک فرنچ ویب سائٹ کو بتایا گیا کہ ملیکا اور ان کے شوہر باآسانی یہ رقم ادا کر سکتے ہیں لیکن ان کی جانب سے اس مسئلے کے حل کے لیے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جا رہے، اور کرائے کی عدم ادائیگی کے باعث ان کے موکل کو مشکلات کا سامنا ہے۔
چالیس فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بالی وڈ اداکارہ اور ان کے شوہر کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکلین اس وقت عارضی طور پر معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ملیکا شراوت کو پیرس میں رہائش پزیر بلڈنگ کی لابی میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد سے ان کا فلیٹ مالک کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔
فلیٹ مالک کا کہنا ہے کہ تمام معاملات حل ہونے کے بعد بھی بھارتی اداکارہ اور ان کے شوہر کی جانب سے کرایہ ادا نہیں کیا جا رہا ہے۔