رانی مکھرجی کی 3 سال بعد فلم نگری میں واپسی

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے 3 سال بعد فلم ’ہچکی‘ سے بالی وڈ نگری میں واپسی کرلی۔

رانی مکھرجی نے 1997 میں فلم ’راجہ کی آئے گی بارات‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور کئی شہرہ آفاق فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

رانی مکھرجی نے ایک دہائی تک فلم نگری میں راج کیا ہے اور ان کی کامیاب فلموں میں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’بادل‘، ’بچھو‘ اور ’بنٹی اور ببلی‘ جیسی شامل ہیں۔

اداکارہ 2014 میں فلمساز آدتیہ چوپڑا سے شادی کے بعد سے ہی فلمی دنیا سے دور ہوگئی تھیں لیکن اب بیٹی ادیرا کے 2 سال کا ہونے کے بعد ایک بار پھر فلمی دنیا سے وابستہ ہوچکی ہیں۔

بالی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی 3 سال بعد فلم ’ہچکی‘ سے فلم نگری میں واپسی کررہی ہیں اور یہ فلم ان کے شوہر آدتیہ چوپڑا کے پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز کے بینر تلے بنی ہے۔

ہدایت کار سدھارت پی ملہوترا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ہچکی‘ کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا ہے جسے چند گھنٹوں میں ہی 4 لاکھ سے زائد افراد یوٹیوب پر دیکھ چکے ہیں۔

فلم کے ٹریلر کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے جس کے ساتھ ساتھ اداکارہ کی فلمی دنیا میں واپسی پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔

فلم میں مرکزی کردار رانی مکھرجی نے ہی کیا ہے اور فلم 23 فروری 2018 کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مزید خبریں :