دنیا
Time 20 دسمبر ، 2017

'کیا ٹرمپ خلائی مخلوق اور اڑن طشتریوں پر یقین رکھتے ہیں؟'

وائٹ ہاؤس ترجمان سارا سینڈرز—۔فائل فوٹو

وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ کے دوران اُس وقت دلچسپ صورتحال پیش آئی جب امریکی صدر کے خلائی مخلوق اور اڑن طشتریوں پر یقین رکھنے سے متعلق سوال کیا گیا۔

دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان سارا سینڈرز سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خلائی مخلوق اور اڑن طشتریوں پر یقین رکھتے ہیں اور کیا وہ خلائی مخلوق کے کھوج کا پروگرام دوبارہ شروع کریں گے؟

واضح رہے کہ خلائی مخلوق کی کھوج کا یہ پروگرام پینٹاگون نے کچھ عرصہ قبل بند کردیا تھا۔

صحافی نے سوال تو وائٹ ہاؤس ترجمان سے کیا لیکن سارا سینڈرز کے جواب دینے سے پہلے ہی صحافی کے آئی فون میں انسٹال خود کار ایپلیکیشن 'سری' ایکٹو ہوگئی اور اس نے موبائل فون میں محفوظ ٹیلی فون نمبر اور نام پڑھنا شروع کردیئے۔

جس پر پریس سیکریٹری سارا سینڈرز نے کہا، 'لگتا ہے آپ لوگوں کے درمیان ہی کوئی خلائی مخلوق موجود ہے'،  جس پر ہال میں قہقہے گونجنے لگے ۔

بعدازاں سارا سینڈرز نےبتایا کہ انہیں معلوم نہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ خلائی مخلوق پر یقین رکھتے ہیں یا نہیں؟ تاہم وہ اس بارے میں ان سے ضرور دریافت کریں گی۔


مزید خبریں :