Time 20 دسمبر ، 2017
کھیل

جنید خان نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے آؤٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم کو اہم دورے سے قبل بڑا دھچکہ لگا ہے اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر جنید خان پاؤں میں ہلکا ہیئر لائن فریکچر کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ 

پاؤں کی اسکین رپورٹ منگل کو پی سی بی کو ملی جس میں جنید خان کو چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور جنید خان کی جگہ آل رائونڈر عامر یامین پاکستانی ٹیم میں شمولیت کے مضبوط امیدوار ہیں۔ 

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کو جنید خان کی فٹنس رپورٹ منگل کو مل گئی ۔ جس میں انہیں مکمل فٹ ہونے کے لئے چھ ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔ 

جنید خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل کے پاس لاہور کی قومی اکیڈمی میں زیر علاج ہیں ۔ جنید خان بنگلہ دیش پر یمیئر لیگ کے دوران ان فٹ ہوئے تھے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید خان کی جگہ عامر یامین کی شمولیت کا حتمی فیصلہ کوچ مکی آرتھر کے مشورے سے کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کے پائوں میں بننے والے فنگس کی تکلیف میں افاقہ ہوا ہے۔ اور وہ نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ 

نیوزی لینڈ کے دورے کے کیمپ کے لئے پاکستان کے بیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان اگلے ایک دو دن میں کردیا جائے گا۔ کیمپ سے قبل 22 دسمبر کو لاہور میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ میں اوپنر اظہر علی اور محمد حفیظ شرکت نہیں کریں گے۔ دونوں جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں شرکت کریں گے۔ اظہر علی اور محمد حفیظ سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرتے ہیں۔

 اظہر علی اور حفیظ کا فٹنس ٹیسٹ فائنل میچ کے بعد ہوگا۔ پاکستانی ٹیم 26 اور27 دسمبر کو لاہور سے روانہ ہوگی۔ اس سے قبل تین دن کے کیمپ میں کھلاڑی سیریز کی تیاری کریں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام کا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کو کیمپ سے بہترہے کہ وہ میچ پریکٹس حاصل کریں۔ فائنل ختم ہوتے ہی دونوں کھلاڑی لاہور جا کر فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔ پاکستانی ٹیم کا اعلان 23 یا 24 دسمبر کو کیا جائے گا۔

نوٹ: یہ خبر 20 دسمبر کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :