آمدنی کے اعتبار سے باکس آفس پر بڑے نام ناکام ثابت ہوئے جن میں شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی شامل ہیں
23 دسمبر ، 2017
سال 2017 بالی وڈ کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا اور اس سال کوئی بھی ہندی فلم ’بڑی‘ کمائی نہیں کرسکی جب کہ باکس آفس پر بڑے بڑے نام کوئی بڑا دھماکا کرنے میں ناکام ثابت ہوئے جس میں شاہ رخ خان اور سلمان خان بھی شامل ہیں۔
باکس آفس 2016 کے سلطان کہلائے جانے والے سلمان خان کی 2017 کی ’ٹیوب لائٹ‘ بری طرح فیوز ہوئی اور حیران کن طور پر باکس آفس پر کوئی کمال نہیں دکھاسکی۔
2017 میں شاہ رخ خان بھی باکس آفس پر راج نہیں کرسکے اور ان کی ریلیز ہونے والی 2 میں سے ایک فلم بری طرح فلاپ ثابت ہوئی۔
2017 میں بالی وڈ کی 80 سے زائد فلمیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں جن میں بڑے اور چھوٹے بجٹ کی فلمیں بھی شامل ہیں تاہم صرف چند فلمیں ہی ہیں جنہوں نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا۔
باہو بلی 2
ہدایت کار ایس ایس راجمولی کی فلم ’باہو بلی 2‘ کا ہندی ورژن 2017 میں بھارتی باکس آفس پر سرفہرست رہا جس نے کمائی کے تمام ریکارڈ اپنے نام کیے۔
فلم کے ہندی ورژن کے رائٹس نامور فلمساز کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن نے خریدے تھے اور فلم نے باکس آفس پر 511 کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی۔
یہ فلم 250 کروڑ کے بجٹ سے تیار ہوئی لیکن اس نے تمام زبانوں میں مجموعی طور پر ریکارڈ 1800 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔
بھارتی دیوملائی کہانی پر مبنی فلم میں تیلگو سنیما کے ہیرو پربھاس، انوشکا شیٹھی، رانا دوگبتی اور ستیاراج نے مرکزی کردار نبھائے ہیں۔
گول مال اگین
اجے دیوگن کی کامیڈی فلم ’گول مال اگین‘ رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی وڈ فلم ہے جس نے بھارت میں 205 کروڑ کا بزنس کیا۔ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض روہت شیٹھی نے نبھائے اور یہ فلم ’گول مال‘ فرنچائز کی چوتھی فلم تھی۔
گول مال کامیاب کامیڈی فرنچائز بن چکی ہے اور اس سیریز کی چوتھی فلم ’’گول مال اگین‘‘ 100 کروڑ سے زائد بجٹ سے بنائی گئی تھی لیکن فلم نے بھارت سمیت دنیا میں مجموعی طور پر 310 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کی۔
فلم کی مرکزی کاسٹ میں اجے دیوگن، ارشد وارثی، تشار کپور، کنال کھیمو، تبو اور پرینیتی چوپڑا شامل ہیں۔ یہ فلم 20 اکتوبر 2017 کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔
رئیس
شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ جنوری 2017 میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی جس نے بھارتی باکس آفس پر 145 کروڑ روپے کی کمائی کی اور یہ بزنس کے اعتبار سے 2017 کی تیسری بڑی بھارتی فلم ثابت ہوئی۔
فلم کی خاص بات یہ تھی کہ ماہرہ خان نے اس فلم کے ذریعے بالی وڈ میں فنی سفر کا آغاز کیا۔فلم کا بجٹ بھی 100 کروڑ سے زائد تھا لیکن فلم باکس آفس پر ہریتھک روشن کی فلم ’قابل‘ کے ساتھ مقابلے کے باعث کوئی بڑا دھماکا نہیں کرسکی۔
فلم نے بھارت سمیت دنیا بھر میں 250 کروڑ سے زائد کی کمائی کی اور یہ فلم بھی کم کمائی کے باوجود ہٹ قرار پائی۔
جڑواں 2
نوجوان اداکار ورون دھون کی فلم ’جڑواں 2‘ بھی سال 2017 میں زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں شامل رہی۔ یہ فلم سلمان خان کی 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جڑواں‘ کا سیکوئل تھی جسے ورون دھون کے والد ڈیوڈ دھون نے ڈائریکٹ کیا۔
فلم کا بجٹ 65 کروڑ روپے تھا لیکن اس نے بھارتی باکس آفس پر 138 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا اور ہٹ ثابت ہوئی۔
جڑواں 2 نے بھارت سمیت دنیا بھر میں مجموعی طور پر 230 کروڑ روپے کا بزنس کیا اور اس طرح فلم کی کمائی کا تناسب 100 فیصد سے زائد رہا جو کہ حیران کن ہے۔
فلم میں ورون دھون، جیکولین فرنینڈس اور تپسی پنوں نے مرکزی کردار کیے اور یہ فلم 29 ستمبر 2017 کو نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
ٹوائلٹ:ایک پریم کتھا
خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار سے کون واقف نہیں جن کی ہر فلم ہی باکس آفس پر 100 کروڑ کلب میں شامل ہورہی ہے۔
2017 میں ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی فلم ’’ٹوائلٹ‘‘ بھی سال کی بڑی فلموں میں سے ایک رہی جس نے باکس آفس پر اچھی خاصی کمائی کی۔
40 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم نے بھارتی باکس آفس پر 134 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا جب کہ دنیا بھر سے اس کی مجموعی کمائی 220 کروڑ سے زائد رہی۔
فلم نے باکس آفس پر 300 فیصد سے زائد منافع کمایا اور اکشے کمار نے بھی فلم کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیا بلکہ انہوں نے فلم کے منافع سے اپنا حصہ وصول کیا ہے۔
فلم میں اکشے کمار، بھومی پیڈناکر، انوپم کھیر اور دیوندو شرما شامل ہیں اور یہ فلم 11 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔
قابل
ہریتھک روشن کی فلم ’قابل‘ بھی 2017 کے اوئل میں ہی سنیما گھروں کی زینت بنی تھی اور فلم میں ان کا کردار ایک نابینا شخص کا تھا۔
فلم 65 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی جس نے بھارتی باکس آفس پر 127 کروڑ کا بزنس کیا جب کہ باکس آفس پر فلم کے مدمقابل کنگ خان کی ’رئیس‘ بھی تھی۔
فلم بھارت سمیت دنیا بھر سے 210 کروڑ ہی کماسکی اور سپر ہٹ رہی جس کا باکس آفس پر منافعے کا تناسب 153 فیصد رہا۔
فلم کی ہدایت کاری کے فرائض سنجے گپتا نے انجام دیئے تھے جس میں مرکزی کردار ہریتھک روشن اور یمی گوتم نے نبھائے جب کہ یہ فلم شاہ رخ کی ’رئیس‘ کے ایک روز بعد 26 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔
ٹیوب لائٹ
بالی وڈ کے سلطان مانے جانے والے سلمان خان 2017 میں اپنی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ سے باکس آفس پر کمال دکھانے میں ناکام ثابت ہوئے۔ ہدایت کار کبیر خان اور بھائی سہیل خان کے ساتھ ان کی جوڑی باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی اور فلم کو بھارت میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔
120 کروڑ کی خطیر رقم سے بنائی گئی فلم نے بھارتی باکس آفس پر صرف 121 کروڑ اور مجموعی طور پر دنیا بھر میں 213 کروڑ کا بزنس کیا اور باکس آفس پر بھی فلاپ ثابت ہوئی۔
فلم کی ناکامی پر سنگل اسکرین سنیما گھروں کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا تھا جس پر سلو میاں نے سنیما مالکان کے نقصان کا ازالہ 50 کروڑ دے کر پورا کیا تھا۔
جولی ایل ایل بی 2
یہ فلم 2013 میں ریلیز ہونے والی ارشد وارثی کی فلم ’جولی ایل ایل بی‘ کا سیکوئل تھی جس میں اکشے کمار، ہما قریشی اور سوراب شکلہ نے مرکزی کردار ادا کیے۔
45 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی اکشے کمار کی فلم ’جولی ایل ایل بی 2‘ بھی منافع بخش فلم رہی اور فلم نے بھارتی باکس آفس پر 117 کروڑ کی کمائی کی جو کہ اپنے بجٹ سے 132 فیصد زیادہ ہے۔
اکشے کمار کی یہ فلم 10 فروری کو نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی جس نے دنیا بھر سے مجموعی طور پر 200 کروڑ سے زائد کی کمائی کی اور رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی والی ٹاپ 10 فلموں میں شامل ہوئی۔
بدری ناتھ کی دلہنیا
نوجوان اداکار ورون دھون سال 2017 کے کامیاب ترین اداکار ہیں جن کی ریلیز ہونے والی دونوں فلمیں بآسانی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوئیں اور ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ بھی ان دو فلموں میں سے ایک ہے۔
فلم کو 10 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا جس میں ورون کے ساتھ عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار کیا اور یہ فلم 45 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی تھی جس نے بھارت میں 116 کروڑ کی کمائی کی۔
جب کہ فلم نے بھارت سمیت دنیا بھر سے مجموعی طور پر 180 کروڑ کا بزنس کیا اور اس طرح اس فلم نے اپنے بجٹ سے 130 فیصد زائد منافع کمایا۔
بادشاہو
اجے دیوگن، عمران ہاشمی اور ودیوت جم وال کی ایکشن فلم ’بادشاہو‘ یکم ستمبر 2017 کو نمائش کے لیے پیش کی گئی اور 100 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی فلم بھارتی باکس آفس پر صرف 78 کروڑ ہی کما سکی۔
فلم بھارت میں اپنے بجٹ کا خسارہ بھی پورا کرنے میں ناکام رہی اور دنیا بھر میں بھی اس کی مجموعی کمائی 123 کروڑ روپے رہی۔
فلم کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں میں گیت ’میرے رشکِ قمر‘ کو ریمکس کیا گیا تھا جس نے خوب شہرت حاصل کی لیکن بزنس کے اعتبار سے فلم کوئی بڑا ہندسہ عبور نہیں کرسکی۔
فقرے ریٹرنز
چھوٹے بجٹ اور کسی بڑے نام کے بغیر بننے والی فلم ’فقرے ریٹرنز‘ بھی رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں شامل ہے۔
فلم 30 کروڑ کے معمولی بجٹ سے بنائی گئی لیکن اس نے بھارتی باکس آفس پر 72 کروڑ سے زائد کی کمائی کرکے فلمی پنڈتوں کو بھی حیران کردیا۔
فلم کی کاسٹ 2013 کی ’فقرے‘ والی ہی رکھی گئی ہے جس میں پلکٹ سمراٹ، منجوت سنگھ، علی افضل، ورون شرما اور رچا چڈا شامل ہیں۔
فلم نےبھارت سمیت دنیا بھر میں 100 کروڑ سے زائد کی کمائی کرلی ہے اور اس طرح 2017 میں منافع کے اعتبار سے بھارت کی تیسری کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی۔
دنگل
عامر خان کی فلم دنگل یوں تو 23 دسمبر 2016 میں بھارت میں ریلیز کی گئی تھی اور اس نے بھارتی باکس آفس پر 380 کروڑ روپے سے زائد کا ریکارڈ بزنس کیا تھا۔
تاہم دنگل کو 2017 میں چینی باکس آفس پر بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا جہاں اس 1000 کروڑ روپے سے زائد کی ریکارڈ کمائی کی اور اس طرح مجموعی طور پر فلم نے 2000 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے بھارتی سنیما کی تاریخ میں ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
چھوٹے بجٹ کی بڑی فلمیں
بالی وڈ میں سال 2017 چھوٹے بجٹ کی فلموں کے لیے بڑا سود مند ثابت ہوا اور کئی چھوٹے اور معمولی بجٹ کی فلموں نے باکس آفس پر زیادہ اچھی کمائی کی۔
چھوٹے بجٹ کی فلموں میں ’نیوٹن‘، ’بریلی کی برفی‘، لپ اسٹک انڈر مائی برقعہ‘، ’صبح منگل سودھان‘ اور ’بابو موشائی بندوق باز‘ شامل ہیں۔