25 دسمبر ، 2017
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اکثر وبیشتر مختلف انٹرویوز اور پروگراموں میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں، جو لوگوں کو متاثر بھی کرتے ہیں۔
حال ہی میں شاہ رخ خان نے 'ٹی ای ڈی ٹاکس' (TED Talks) میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بالی وڈ سینما اور اسٹارز کی شہرت و مقبولیت سمیت زندگی کے چند اور پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔
دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ کے ذریعے یہ ویڈیو دنیا بھر میں پھیل گئی اور ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن جان سینا تک بھی پہنچی، جو شاہ رخ خان کی گفتگو سے متاثر ہوئے۔
جان سینا نے اپنی ٹوئیٹ میں شاہ رخ کی 'ٹی ای ڈی ٹاک' سے متعلق ایک مضمون کا حوالہ دیا، جس میں بالی وڈ کنگ کا کہنا تھا، 'میں خواب فروخت کرتا ہوں اور میں لاکھوں لوگوں سے پیار کرتا ہوں'۔
ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن نے لکھا، 'مجھے خوشی ہے کہ یہ مضمون میری نظر سے گزرا'۔
جس کے بعد شاہ رخ نے بھی جوابی ٹوئیٹ کی اور جان سینا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، 'اس ویڈیو کو دیکھنے کا شکریہ، میری خواہش ہے کہ میں بھی کسی دن آپ کو دیکھوں'۔
ساتھ ہی شاہ رخ نے جان سینا کو محبت اور صحت کی دعا بھی دی۔
واضح رہے کہ شاہ رخ نے اپنی جوابی ٹوئیٹ میں جان سینا کے مقبول عام جملے 'تم مجھے نہیں دیکھ سکتے' (You can't see me) کی طرف اشارہ کیا۔
شاہ رخ کے جواب میں جان سینا نے بھی بالی وڈ کنگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور لکھا، 'زندگی سے متعلق آپ کے نظریئے کو میں بھی حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہوں'۔
واضح رہے کہ جان سینا 6 بار ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ چیمپئن رہے ہیں، جبکہ وہ مختلف ہالی وڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔