’سنجو‘ کے نام پر راج کمار ہیرانی اور رنبیر میں ٹھن گئی

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم کے نام پر ہدایت کار راج کمار ہیرانی اور فلم کے مرکزی کردار رنبیر کپور میں ٹھن گئی ہے۔

بالی وڈ میں سنجو بابا کے نام سے مشہور سنجے دت واحد اداکار ہیں جن کی زندگی میں ہی ان پر فلم بنائی جا رہی ہے۔

سنجو بابا کی زندگی پر فلم ان کے قریبی دوست اور فلم نگری کے نامور ہدایت کار راج کمار ہیرانی بنارہے ہیں جس میں مرکزی کردار رنبیر کپور نبھاتے نظر آئیں گے۔

فلم میں سنجے کے کردار میں ڈھلنے کے لیے رنبیر نے انتھک محنت کی ہے جس کی واضح مثال مختلف اوقات میں فلم کے سیٹ سے لیک ہونے والی وہ تصاویر ہیں جن میں رنبیر سنجے دت سے کافی مشابہت رکھتے نظر آئے۔

فلم 2018 کے اوائل میں ریلیز کی جائے گی تاہم اب تک اس کے نام کا فیصلہ نہیں ہو سکا، اور اسی معاملے پر ہدایت کار راج کمار ہیرانی اور رنبیر کپور میں بھی ٹھن گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایت کار راجو ہیرانی نے فلم کا نام ’سنجو‘ تجویز کیا ہے لیکن رنبیر کپور فلم کے اس ٹائٹل سے ناخوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ فلم کا نام کچھ ایسا رکھا جائے جس میں سنجے دت کی زندگی کے اتار چڑھاؤ کا احاطہ ہو۔

ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے رنبیر کو جلد از جلد  فلم کا نام تجویز کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر رنبیر کپور فلم کا نام تجویز کرنے میں ناکام رہے تو  سنجے دت کی زندگی کے واقعات پر بننے والی فلم کا نام ’سنجو‘ ہی رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ راج کمار ہیرانی کی پہلی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں سنجے دت نے مرکزی کردار کیا تھا اور اس فلم نے باکس آفس پر زبردست کمائی کی تھی۔

مزید خبریں :