Time 03 جنوری ، 2018
پاکستان

امریکا کے بکھیرے ہوئے کانٹے پاکستان سمیٹ رہا ہے، احسن اقبال


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ امریکا کے بکھیرے ہوئے کانٹوں کو پاکستان سمیٹ رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی قربانیاں پاکستان نے دیں کسی اورنے نہیں۔

اسلام آباد پولیس لائنز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے خطے میں امن کے لیے ہمیشہ کوششیں کی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی قربانیاں پاکستان نے دیں کسی اورنے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے کودہشت گردوں سے بچانے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، امریکا پاکستان کوطعنے دینے کے بجائے اس کے کردار کی تعریف کرے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا حالیہ بیان دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں سے مذاق اڑانے کے مترادف ہے ،کسی کو اختیار نہیں کہ پاکستان کی خودمختاری پرحملہ کرے۔

احسن اقبال نے کہا کہ  اگر پاکستان انسداد دہشت گردی کے خلاف آپریشن نہ کرتا تو افغانستان میں بیٹھے گروہ پورے خطے کے لیے خطرہ بن جاتے، پاکستان نے خطے کو ان گروہوں سے بچانے کے لیے جوانوں کی قربانیاں دی ہیں، اگر ہمیں شاباشی نہیں دی جاسکتی تو کسی کو ہمیں جھوٹا قرار دینے کا بھی حق نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کےبکھیرے ہوئے کانٹوں کو پاکستان سمیٹ رہا ہے، امریکا نے افغانستان میں ہتھیاروں کے انبارچھوڑے، افغانستان سےروس کے انخلا کے بعد امریکا ہاتھ جھاڑ کر روانہ ہوگیا، امریکا کا ساتھ دے کر ہمیں دہشت گردی اور منشیات سمیت دیگر مسائل ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں توشام سےکسی ایک مہاجر کو داخل ہونےکی اجازت نہیں ہے، روس کے ساتھ جنگ کے بعد لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان آئے، ہم نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کا بوجھ برداشت کیا۔

مزید خبریں :