کھیل
Time 08 جنوری ، 2018

آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دیکر ایشز سیریز 0-4 سے جیت لی

فوٹو: بشکریہ کرک انفو

سڈنی: آسٹریلیا نے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگز اور 123 رنز سے شکست دے کر ایشز سیریز 0-4 سے جیت لی۔

سڈنی ٹیسٹ میں میزبان آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 304 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں مہمان ٹیم 180 رنز پر پویلین لوٹ گئی، انگلش کپتان جوئے روٹ نے 58 رنز بنائے اور طبیعت خراب ہونے پر انہیں گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔

دیگر انگلش بلے بازوں میں السٹرل کک 10، اسٹون مین صفر، جیمز ونس 18، ڈیوڈ ملان 5، جونی برسٹو 38، معین علی 13، اسٹارٹ براڈ 4، میسن کرین اور جیمز اینڈرسن 2،2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ٹام کرین 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ نیتھن لیون نے 3، مچل اسٹارک اور جوش ہیزلی وڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر پیٹ کمنز کو مین آف دی میچ اور اسٹیون اسمتھ کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 346 اور آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 649 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کی، مہمان ٹیم کی دوسری اننگز میں بھی بیٹنگ لائن دھوکا دے گئی اور پوری ٹیم 180 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

مزید خبریں :