Time 08 جنوری ، 2018
دنیا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے مزید 3 نوجوانوں کو شہید کردیا

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کے تازہ واقعے میں مزید تین کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام کے علاقے چدورا میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کی آڑ میں تین نوجوانوں کو شہید کردیا۔

بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے جبکہ واقعے کے بعد حکام کی جانب سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔

نوجوانوں کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے قابض بھارتی فورسز کے خلاف احتجاج شروع کردیا جبکہ تمام دکانیں اور ٹرانسپورٹ بھی بند کردیا گیا۔

چدورا کے علاقے میں مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جبکہ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ تہاڑ جیل میں موجود کشمیریوں کی جانوں کو خطرہ ہے۔

انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ تہاڑ جیل میں قید کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لے اور ان کی رہائی کے لیے کوششیں کی جائیں۔

مزید خبریں :