09 جنوری ، 2018
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے سلمان خان کے بعد عامر خان سے مدد مانگ لی۔
کنگنا رناوت کو کرن جوہر اور ہریتھک روشن کے ساتھ ان کے تنازعات نے فلم نگری میں اکیلا کردیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلموں کی اسپیشل اسکریننگ میں کوئی بھی جانا مانا نام شریک نہیں تھا۔
تنازعات میں الجھے رہنے سے جہاں کنگنا کی فلموں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے وہیں بالی وڈ انڈسٹری میں ان کا بائیکاٹ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے انہیں کسی بھی تقریب میں مدعو نہیں کیا جاتا۔
کنگنا رناوت نے ماضی میں کسی بھی بالی وڈ خان کے ساتھ فلم کرنے سے انکار کردیا تھا اور ساتھ ہی سلمان خان کے ساتھ فلم کی پیشکش بھی ٹھکرادی تھی، لیکن گزشتہ دنوں انہیں اپنی نئی فلم کے لیے سلمان خان کی مدد لینا پڑی تھی۔
لیکن اب تنازعات کے باعث انہیں اپنے قریبی دوست بھی چھوڑنے لگے ہیں جس پر پریشان ہو کر انہوں نے عامر خان سے رجوع کیا۔
دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت تنازعات کے باعث فلم نگری میں دشمنیاں بھی بڑھا چکی ہیں، جس کی وجہ سے ان کا فلمی کیریئر زوال پذیر ہوچکا ہے اور اس صورتحال سے نکلنے کے لیے وہ عامر خان سے صلاح و مشورے کر رہی ہیں۔
دوسری جانب عامر خان بھی اس ساری صورتحال سے نکلنے کے لیے کنگنا رناوت کی رہنمائی کر رہے ہیں اور اداکارہ بھی ان کے مشوروں پر سختی سے کاربند ہیں۔