10 جنوری ، 2018
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قصور میں مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 7 سالہ بچی زینب کے واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے مقتول بچی کے والدین کی جانب سے انصاف کی فراہمی کی اپیل پر ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور انہیں عبرتناک دلوانے کے لیے فوج کو سول انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ قصور میں بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا، واقعے کے بعد اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں جب کہ پولیس کی جانب سے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق بھی ہوئے۔
زینب کے اغوا کے وقت اس کے والدین عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہوئے تھے اور گزشتہ روز زینب کی لاش شہباز روڈ سے ملی تھی۔
معصوم بچی کے والدین نے عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی تھی۔