پاکستان
Time 11 جنوری ، 2018

شہبازشریف کی صبح 5 بجے مقتولہ زینب کے گھر آمد، والدین سے تعزیت

فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

قصور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی 7 سالہ زینب کے گھر پہنچے اور والدین سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف صبح 5 بجے اچانک قصور میں مقتولہ زینب کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ 

اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت محمد احمد خان اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے جب کہ ڈی پی او قصور زاہد خان مروت نے واقعہ کی بریفنگ دی۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا جتنا ظلم اور زیادتی ہوئی ہے وہ ناقابل بیان ہے، لمحہ بہ لمحہ اس کیس کی نگرانی کر رہا ہوں اور واقعہ میں ملوث درندہ صفت ملزم قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائے گا۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ کمسن بچی کے خاندان کو انصاف دلانا میری ذمہ داری ہے اور جب تک مجرم کو کٹہرے میں نہیں لائیں گے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بچوں کے قاتل اس دھرتی کا بوجھ ہیں، بچوں کے ساتھ زیادتی کا ارتکاب کرنے والے انسان نہیں درندے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعےکی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دے دی جس میں سول اور عسکری دونوں اداروں کے اراکین شامل ہیں، ملزم کو بلا تاخیر گرفتار کرکے قانون کے مطابق ایسی دلائی جائے گی کہ کسی کو آئندہ ایسی جرأت نہ ہو۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ احتجاج پر بلاجواز فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

مزید خبریں :