12 جنوری ، 2018
نیب لاہور کی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان اور ان کے ہاوسنگ منصوبوں کے حوالے سے انکوائری اہم مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
قومی احتساب بیورو لاہور نے علیم خان اور ان سے جڑے ہاوسنگ منصوبوں پارک ویو ولاز اور ریور ایج ہاوسنگ سوسائٹی کے بارے تحقیقات کے سلسلے میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے 5 حکام سے پوچھ گچھ کرے گی۔
اس سلسلے میں نیب لاہور نے ایل ڈی اے کو خط لکھ کر مختلف عہدوں پر تعینات 5 افسران کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
علیم خان اور ان کے ہاوسنگ منصوبوں سے مبینہ طور پر جڑے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے 5 حکام میں پٹواری محمد اکرم، ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم اختر زیدی، ڈائریکٹر شیخ عبدالقیوم، ایل ڈی اے کے افسران راجہ عباس اور خواجہ شوکت جمال شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے نیب لاہور کی طرف سے انکوائری حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے نیب کی جانب سے علیم خان کی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف انکوائری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ علیم خان نیب سمیت ہر قومی ادارے سے تعاون کر رہے ہیں۔
دوسری جانب علیم خان کا کہنا ہے کہ 2010 میں ایل ڈی اے سے پہلے سے منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹی خریدی لیکن میری سوسائٹی کا این او سی منسوخ کرکے اسے غیرقانونی قرار دیا جارہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نہ کوئی غیر قانونی کام کیا ہے اور نہ کبھی کروں گا لیکن سرکاری ادارے حکومتی دباؤ پر مصلحتوں کا شکار ہیں، میں ہر طرح سے حکومت کا مقابلہ کروں گا۔
علیم خان نے کہا کہ (ن) لیگ کی غلط فہمی ہے کہ میں عمران خان کا ساتھ چھوڑ دوں گا، پہلے بھی عمران خان کے ساتھ تھا اور آئندہ بھی کھڑا رہوں گا۔