Time 13 جنوری ، 2018
پاکستان

پنجاب حکومت نے بچوں کے تحفظ کے لیے کمیٹی قائم کردی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بچوں کے تحفظ کے لیے وزیر قانون رانا ثنااللہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی۔

قصور میں 7 سالہ زینب کے اغوا، زیادتی اور قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک بحث کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بچوں کے تحفظ کے لیے کمیٹی قائم کردی جس کی سربراہی صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کریں گے۔

کمیٹی کا نوٹفکیشن — فوٹو: جیو نیوز

وزیراعلیٰ کی جانب سے تشکیل دی گئی 20 رکنی کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں وزیر تعلیم، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اور آئی جی پنجاب شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی بچوں کے تحفظ کے لیے سفارشات تیار کرے گی اور کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی پولیس کے کام کا جائزہ اور آگہی مہم کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی جب کہ بچوں کے تحفظ کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی اساتذہ اور علما کرام سے بھی مشاورت کرے گی۔

پنجاب حکومت کا قانون سازی کا وعدہ

دوسری جانب بچوں سے جنسی زیادتی کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لیے جیو کی مہم رنگ لانے لگی اور  پنجاب حکومت نے اپنی موجودہ مدت ختم ہونے سے پہلے قانون سازی کا وعدہ کر لیا۔

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔

مزید خبریں :