Time 18 جنوری ، 2018
پاکستان

اسماء قتل: وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی لواحقین کے گھر آمد اور اظہار تعزیت

فوٹو: بشکریہ پی ٹی آئی فیس بک پیج

مردان: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مبینہ زیادتی کے بعد قتل ہونے والی کمسن بچی اسماء کے گھر جا کر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی بھی کرائی۔ 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک صوبائی وزراء اور آئی جی پولیس کے ہمراہ کمسن اسماء کے گھر پہنچے اور انہوں نے متاثرہ بچی کے لواحقین سے ملاقات کی۔ 

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان خود کو تنہا نہ سمجھے، اسماءقتل کی تفتیش جاری ہے اور امید ہے کہ قاتل جلد گرفت میں آئیں گے۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اسماءکے خاندان کے ساتھ ہے۔

دوسری جانب ضلعی حکومت نے کل اے پی سی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ضلعی ناظم حمایت مایار کا کہنا ہے کہ مقدمے میں زیادتی اور دہشت گردی کی دفعات شامل نہ کی گئیں اور 24 گھنٹے میں قاتل گرفتار نہ ہوا تو آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔

ضلعی ناظم کا کہنا ہے کہ اے پی سی کے لئے تمام جماعتوں کو  دعوت نامے جاری کیے جائیں گے اور 19 جنوری کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں اسماء کے ساتھ زیادتی اور قتل کیس پر غور و کیا جائے گا۔

ادھر پولیس کا دعویٰ ہے کہ واقعے کے بعد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے تفتتیش جاری ہے جب کہ بچی کا ٹیسٹ ڈی این اے کے لئے پنجاب بھجوایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مردان کے گاؤں گوجر گڑھی کے علاقہ جندر پار سے 4 سالہ بچی اسماء لاپتہ ہوگئی تھی جس کی لاش چند روز قبل کھیتوں سے ملی جسے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :