بلوچستان کو راتوں رات محلاتی سازشوں کی نذر کردیا گیا، (ن) لیگ

نوازشریف کی زیر صدارت جاتی امرا میں اجلاس: اسکرین گریب جیونیوز

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس ہوا جس میں شرکا کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو راتوں رات محلاتی سازشوں کی نذر کردیا گیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اجلاس میں خصوصی شرکت کے لیے لاہور پہنچے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب بھی تھیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ائیر پورٹ سے جاتی امرا پہنچے جہاں ان کی پہلے میاں نوازشریف سے ملاقات ہوئی جو بعد میں اجلاس میں تبدیل ہوگئی۔

میاں نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے علاوہ خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، مریم نواز، اویس لغاری اور مفتاح اسماعیل سمیت دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی کام اور بلوچستان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

بلوچستان کی صورتحال پر اجلاس

بعد ازاں نوازشریف کی زیر صدارت بلوچستان سے متعلق ایک علیحدہ اجلاس ہوا جس میں صوبے سے تعلق رکھنے والے (ن) لیگی عہدیداران سمیت پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود اچکزئی اور نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے شرکا نے کہا کہ بلوچستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت سب سے زیادہ تھی، صوبے کو راتوں رات محلاتی سازشوں کی نذر کردیا گیا، تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ بغیر کسی جوازکے لایا گیا، ایسے غیر جمہوری اقدام کو بلوچستان کے عوام اپنی توہین تصور کرتے ہیں۔

اجلاس کے شرکا نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا فیصلہ کب کہاں اور کیسے ہوا، چند سو ووٹ لینے والے شخص کو صوبے پر مسلط کرنا غیر جمہوری ہے، حساس ترین صوبے پر کٹھ پتلی وزیراعلیٰ بٹھانا لمحہ فکریہ ہے، اس عمل سے بلوچستان کے لوگوں کے بنیادی جمہوری حقوق سلب ہوئے ہیں۔

شرکا کا کہنا تھا کہ عوامی شعور کو بیدار کرکے اس طرح کے واقعات کی روم تھام کی جائے، جمہوری قوتیں ایسے غیر آئینی اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

مزید خبریں :