22 جنوری ، 2018
چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں ہائی اسکول اینڈ کالج کے طالعلم نے پرنسپل کو قتل کر دیا۔
شبقدر میں نیو اسلامیہ پبلک ہائی اسکول اینڈ کالج کے بارہویں جماعت کے طالب علم فہیم اشرف نے فیض آباد دھرنے میں جانے پر غیر حاضری لگانے والے پرنسپل سریر احمد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق نجی کالج میں طالب علم کی کالج پرنسپل سے معمولی تکرار ہوئی جس پر طالب علم نے طیش میں آکر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے کالج پرنسپل شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
پولیس اور ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے اس سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے کالج پرنسپل سریر احمد حافظ قرآن اور نماز روزے کے پابند تھے۔ دوسری جانب پرنسپل کے قتل کے خلاف کالج کے طالبعلموں اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم فہیم اشرف کی چند روز قبل بھی پرنسپل سے تکرار ہوئی تھی۔
ٹاؤن پولیس آفیسر (ٹی پی او) کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ملزم کی جانب سے مقتول پر توہین مذہب کا جو الزام لگایا گیا ہے آیا وہ درست ہے یا توہین مذہب کے الزام کو بہانے کے طور پر استعمال کیا گیا۔