Time 24 جنوری ، 2018
پاکستان

خورشید شاہ ایک بار پھر شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر شدید برہم


اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ایک بچی کے ساتھ زیادتی ہوئی اور آپ اس کے قاتل کو پکڑ کر تالیاں بجاتے ہیں اس پر شرم آنی چاہیے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے زینب قتل کیس کے ملزم کی گرفتاری پر شہبازشریف کی پریس کانفرنس پر شدید تنقید کی۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں قصور واقعے جیسے ہزاروں واقعات ہوئے ہیں، ایسے واقعات پر نتیجہ صفر ہے، ان واقعات پر تالیاں کب بجوائیں گے، 2017 میں زیادتی کے الزام میں 60 ملزمان پکڑے گئے، کسی کو سزا نہیں ملی، ایک بچی سے زیادتی ہوئی ہے اور آپ اس کے قاتل کو پکڑ کر تالیاں بجاتے ہیں، اس پر شرم آنی چاہیے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ یہ چیزیں اس ملک میں اہم عہدے پر بیٹھنے والا آدمی کرے تو ہمیں ڈوب مرنا چاہیے، اس قسم کے واقعات ہوں اور ہم تالیاں بجاتے رہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ کسی پر الزام نہیں لگا رہا، انسانی حقوق کی بات کررہا ہوں، جس جس کی بچیاں ہیں وہ بتائیں کیا ایسے واقعات پر تالیاں بجنی چاہئیں یا مبارکبادیں لینی چاہیے؟

اپوزیشن لیڈر مزید کہا کہ تالیاں بجانے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اگر پارلیمنٹ دوسری مذمتیں کرتی ہے تو اس پر بھی قرارداد آنی چاہیے۔

خورشید شاہ کا شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کل سب کی دل آزاری کی ہے، انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

مزید خبریں :