Time 04 فروری ، 2018
پاکستان

سینیٹر مشاہد حسین کی نواز شریف سے ملاقات: (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان


لاہور: مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔

مشاہد حسین سید نے جاتی امراء پہنچ کر سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے نواز شریف کی دعوت پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔

سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی تھی جو قبول کی جب کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں کام کر کے بہت اچھا لگا۔

مشاہد حسین سید کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ (ق) سے استعفیٰ دیتے ہوئے پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔

ذرائع مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ مشاہد حسین کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے گا تاہم ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات کے دوران سینیٹ کے ٹکٹ کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔

دوسری جانب خواجہ سعد رفیق نے ٹوئٹر پر تصدیق کی ہے کہ مشاہد حسین نے غیر مشروط طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اُن کی آمد سے مسلم لیگ ن کی جمہوری جدوجہد کو تقویت ملے گی۔

مزید خبریں :