ساجد حسن ہیئر ٹرانسپلانٹ کے بعد نئی مشکل میں پھنس گئے


ٹی وی کے معروف اداکار ساجد حسن ہیئر ٹرانسپلانٹ کے دوران ڈاکٹر کی غفلت کا شکار ہوگئے اور ان کے سر پر انفیکشن کی وجہ سے گہرا زخم ہوگیا ہے۔

ساجد حسن ہیئر ٹرانسپلانٹ کے بعد نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں اور اداکار نے ویڈیو بیان کے ذریعے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات سے پردہ اٹھایا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 9 سال سے ان کا ایک ڈاکٹر دوست بالوں کے ٹرانسپلانٹ کے لیے پیچھے پڑا ہوا تھا اور 2 ماہ قبل انہوں نے اپنے دوست سے ہیر ٹرانسپلانٹ کیلئے سرجری کرائی۔

ساجد حسن کے مطابق آپریشن کے دوسرے ہی دن ان کی طبیعت خراب ہوگئی جبکہ ان کے سر پر انفیکشن کی وجہ سے زخم ہوگیا اور وہ 10 سے 15 روز تک شدید بیمار اور غنودگی کی حالت میں رہے۔

اداکار کے مطابق بالوں کی پیوند کاری کرنے والے ڈاکٹر اس دوران بھی مسلسل یہی کہتے رہے کہ زخم ٹھیک ہو رہا ہے اور ڈاکٹر کی جانب سے روز صفائی کے باوجود زخم ٹھیک نہیں ہوا۔

ساجد حسن نے کہا کہ ’’ڈاکٹر کی جانب سے غلط آلات کے استعمال کی وجہ سے انفیکشن ہوا اور وہ اور ان کا خاندان 2 مہینوں سے مشکلات و کرب میں مبتلا ہے۔

ساجد حسن نے کہا کہ اس ویڈیو کا مقصد لوگوں میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ اس طرح کی پیوند کاری سے قبل 10 بار معلومات لیں اور سوچ سمجھ کر ہی فیصلہ کریں۔

مزید خبریں :