05 فروری ، 2018
پشاور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے کو اپنی کامیابی قرار دیا لیکن اب سرکاری دستاویز سے پتہ چلتا ہے کہ صوبے میں صرف 22 کروڑ 14 لاکھ درخت لگائے گئے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے کچھ عرصہ قبل بلین ٹری نامی منصوبہ شروع کیا جس کے تحت صوبے بھر میں ایک ارب پودے لگائے جانے تھے ۔
اس منصوبے کو صوبائی حکومت اور خود عمران خان نے سب سے بڑا کامیاب منصوبہ قرار دیا اور اسی بنا پر ایک مشیر اشتیاق ارمڑ کو وزیر بھی بنایا گیا لیکن سرکاری دستاویز سے پتہ چلا ہے کہ یہ پودے ایک ارب نہیں بلکہ 22 کروڑ 14 لاکھ ہیں۔
سرکاری دستاویز کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن میں 11 کروڑ 18 لاکھ 12 ہزا ر 225 جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں ایک کروڑ 21 لاکھ 23 ہزار 958 پودے لگائے گئے ہیں ۔
اسی طرح ہزارہ ڈویژن میں 8 کروڑ، 27 لاکھ 69 ہزار 908 اور کوہاٹ ڈویژن میں 84 لاکھ 22 ہزار 861 جبکہ مردان ڈویژن میں 63 لاکھ 5 ہزار 133 پودے لگائے گئے۔
دوسری جانب بلین ٹری منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر 40 کروڑ پودے لگانے کا دعوی کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 24 کروڑ پودے حکومت نے لگائےجبکہ 16 کروڑ پودے لوگوں میں تقسیم کئے گئے ۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق بلین ٹری سونامی منصوبے کا باقی ماندہ 60 فیصد حصہ جنگلات کو محفوظ بناکر حاصل کیا گیا ہے۔