09 فروری ، 2018
بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ رواں سال جون یا جولائی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
سلور اسکرین پر دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی جوڑی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ چکی ہے اور دونوں کی جوڑی نے متعدد بلاک بسٹر فلمیں دی ہیں جس میں ’رام لیلا‘، ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ شامل ہیں۔
دونوں اداکاروں کے درمیان طویل عرصے سے قربتوں کا سلسلہ جاری ہے اور کئی اہم تقریبات سمیت متعدد بین الاقوامی پروگراموں میں بھی انہیں ایک ساتھ دیکھا گیا ہے لیکن دونوں نے اپنے تعلق کے حوالے سے آج تک خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
رنویر سنگھ پڈوکون فیملی سے بھی مل چکے ہیں جس کے بعد دونوں کی منگنی کی خبریں سامنے آئیں تھی اور پھر رنویر کے گھر والوں کی جانب سے ڈمپل گرل کے لیے ساڑھی کے تحفے نے ان خبروں میں مزید جان ڈال دی تھی۔
لیکن اب ایک نئی چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے کہ سلور اسکرین کی کامیاب جوڑی جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون رواں سال جون یا جولائی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے اور اس حوالے سے دونوں کے گھر والوں نے تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔
اداکارہ دپیکا پڈوکون کو ساحل سمندر پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا پسند ہے اس لیے ان کی شادی کی تقریب بھی کسی ساحلی شہر میں ہو گی اور جوڑے نے اپنی شادی کو یادگار بنانے کے کسی اچھے مقام کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شادی کے بعد ممبئی اور بینگلورو میں استقبالیے ہوں گے جس میں ان کے دونوں اداکاروں کے دوست اور خاندان کے افراد شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی اداکارہ دپیکا پڈوکون اپنی سالگرہ منانے رنویر سنگھ کے ساتھ سری لنکا گئیں تھیں۔