’پدماوت‘ کی کامیابی کے بعد رنویر نے اپنا معاوضہ بڑھا دیا

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے فلم ’پدماوت‘ کی کامیابی کے بعد اپنے معاوضے میں بھی اضافہ کر دیا۔

رنویر سنگھ نے فلمی کیریئر کا آغاز 2010 میں فلم ’بینڈ باجا بارات‘ سے کیا اور پہلی ہی فلم سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے اور اب ان کے فلمی کیریئر میں کئی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔

’رام لیلا‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والے رنویر نے فلم ’پدماوت‘ میں اپنی جاندار اداکاری سے دیکھنے والوں کو کافی متاثر کیا۔

رنویر سنگھ نے فلم ’پدماوت‘ میں علاؤ الدین خلجی کے کردار کے لیے اپنے وزن میں اضافہ کیا تھا اور اس کردار میں ڈھلنے کے لیے خود کو کئی روز تک اکیلے کمرے میں بند بھی رکھا۔

فلم میں ان کے کردار کو مداحوں سمیت بڑے بڑے فلمی ناموں نے بھی سراہا ہے  اور اب کئی بڑے بڑے فلمساز رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر نے فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 8 کروڑ سے بڑھا کر 13 کروڑ کردیا ہے اور اب وہ اپنی قریبی دوست دپیکا پڈوکون کے برابر فلم کی فیس لیں گے۔

دپیکا پڈوکون نے فلم ’پدماوت‘ میں 60 روز کی شوٹنگ کی فیس 13 کروڑ وصول کی تھی جب کہ شاہد کپور اور رنویر نے مجموعی طور پر 10 کروڑ وصول کیے تھے۔

رنویر کی جانب سے معاوضہ بڑھائے جانے کے باوجود کئی فلمساز انہیں اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کے خواہشمند ہیں تاہم اس وقت وہ 2 فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ’گلی بوائے‘ اور ’83‘ شامل ہے۔

یاد رہے کہ فلم ’پدماوت‘ نے تنازعات اور پابندیوں کے باوجود اب تک بھارتی باکس آفس پر 245 کروڑ کی کمائی کی ہے۔

مزید خبریں :