Time 15 فروری ، 2018
دنیا

امریکی ریاست فلوریڈا کے اسکول میں فائرنگ، 17 افراد ہلاک

پارک لینڈ کے مارجوری اسٹون مین ڈوگلاس ہائی اسکول میں فائرنگ کے واقعے کے بعد طلبہ کو نکالا جارہا ہے—۔فوٹو/ رائٹرز

پارک لینڈ: امریکی ریاست فلوریڈا کی کاؤنٹی پارک لینڈ میں واقع ایک ہائی اسکول میں سابق طالب علم کی فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

برووارڈ شیرف اسکاٹ اسرائیل نے واقعے میں 17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔





پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 14 افراد اسکول میں فائرنگ سے مارے گئے، ایک راہگیر بھی اپنی جان سے گیا جبکہ 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

پولیس نے 19 سالہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا، جو مارجوری اسٹون مین ڈوگلاس ہائی اسکول کا سابق طالب علم ہے اور جسے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اسکول سے نکال دیا گیا تھا۔


واقعے کے وقت مذکورہ اسکول میں گریڈ 9 سے 12 تک کے تین ہزار سے زائد طلبا موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق پہلی گولی چلنے سے ملزم کی گرفتاری تک 2 گھنٹے کا وقت لگا۔

کچھ زخمی طلبا کو وہیں طبی امداد دے دی گئی، جبکہ باقی زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

خطرناک صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس، انسداد دہشت گردی اسکواڈ اور امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی—۔فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر

خطرناک صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس، انسداد دہشت گردی اسکواڈ اور امدادی کارکنوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور قطار بناکر طلبا اور اساتذہ کو کلاس رومز سے محفوظ مقام پر لایا گیا۔

دوسری جانب واقعے کے بعد اسکول کو 2 دن کے لیے بند کردیا گیا۔

'حملے سے قبل ملزم نے بم بنانے سے متعلق ریسرچ کی'

امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور رائفل اور درجنوں میگزین سے لیس تھا۔

رپورٹس کے مطابق ملزم نے حملے سے قبل کمپیوٹر پر بم بنانے سے متعلق ریسرچ بھی کی تھی۔

نکولس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے منسوب کرکے کچھ تصویریں بھی انٹرنیٹ پر گردش کررہی ہیں جس میں وہ ایک خطرناک شخص کے طور پر نظر آرہا ہے۔

صدر ٹرمپ کی مذمت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں طلبا کو ان حالات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔


واضح رہے کہ رواں برس امریکا میں کسی تعلیمی ادارے میں فائرنگ کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔

مزید خبریں :