16 فروری ، 2018
بھارت میں ڈیڑھ کھرب روپے کے فراڈ کے الزام میں چھوٹے مودی کے نام سے مشہور ہیرے کے تاجر نیرو مودی کے اثاثے منجمد کر کے ان کا پاسپورٹ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سینٹرل بیورو آف ریوینیو (سی بی آئی) نے کھربوں روپے کے فراڈ کے الزام میں نیرو مودی کے 51 ارب کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔
اس کے علاوہ نیرو مودی اور فراڈ میں ملوث ان کے ساتھی میہل کے پاسپورٹ بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نیرو مودی کے فراڈ کے انکشاف پر سیاسی جماعتوں کے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
بھارتی وزیر قانون نے نیرومودی کو چھوٹا مودی کہنے پر شدید احتجاج کیا جب کہ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے نیرو مودی کو وزیراعظم مودی اور ان کی حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔
اس کے علاوہ نیرومودی سے بالی ووڈ اداکاروں کے بھی تعلقات کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی اداکار سدہارتھ ملہوترا نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک سال پہلے نیرومودی کے ساتھ کیا جانے والا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔
اداکارہ پریانکا چوپڑا کا نیرو مودی کے ساتھ ماڈلنگ کے معاہدے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا چوپڑا نے زیورات کی تشہیر کا معاہدہ ختم کرنے کے لیے قانونی مشورے شروع کردیے ہیں۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق نیرو مودی کی کئی کمپنیاں ہیں جن کے لیے اس نے 17 بینکوں سے 3000 کروڑ روپے کا قرض لے رکھا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 5 معاشی سالوں کے دوران سرکاری سرپرستی میں چلنے والے بینکوں میں فراڈ کے 8970 کیسز رپورٹ ہوئے جن کے ذریعے 9 ارب 60 کروڑ ڈالر کا فراڈ کیا گیا۔
بھارتی پنجاب میں حکومتی سرپرستی میں چلنے والے نیشنل بینک میں ایک ارب 77 کروڑ ڈالر کے فراڈ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پنجاب نیشنل بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آڈت کے دوران ممبئی کی ایک بینک برانچ میں غیر قانونی طریقے سے رقم کی ترسیل کا انکشاف ہوا جس میں ہمارے ایگزیکٹو سطح کے افسران نے ملی بھگت کے ذریعے نیرو مودی کو قرض فراہم کرنے کے لیے لیٹر آف انڈرٹیکنگ فراہم کیے۔
خیال رہے کہ نیرو مودی کے اثاثوں میں شورومز اور ہیروں کی مارکیٹ شامل ہے۔
کھربوں روپے کے فراڈ کے بعد سی بی آئی نے نیرو مودی کی کمپنیوں سولر ایکسپورٹ، اسٹیلر ڈائمنڈز اور ڈائمنڈ آر یو ایس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
نیرو مودی کا شمار دنیا میں ہیرے کے برے تاجروں میں ہوتا ہے، انہوں نے 1999 میں فائر اسٹار ڈائمنڈ دریافت کیا اور ان کی کمنیاں سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کا کاروبار کرتی ہیں۔
نیرو مودی نیویارک، ہانگ کانگ، لندن، مکاؤ، نئی دہلی اور ممبئی سمیت 16 اسٹورز کے مالک ہیں۔