ڈیزائن میں تبدیلیاں: ’پشاور بس ریپڈٹرانزٹ منصوبے کی لاگت ڈھائی ارب روپے بڑھے گی‘

— فائل فوٹو

پشاور بس ریپڈٹرانزٹ منصوبے کے ڈیزائن میں ایک درجن سے زیادہ تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کے باعث منصوبے کی لاگت میں ڈھائی ارب روپے کا اضافہ ہو گا۔

شہریوں کو جدید سفری سہولتوں سے آراستہ بس ریپڈ ٹرانزٹ خیبرپختون خوا حکومت کا میگا پروجیکٹ ہے۔

پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق منصوبے کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کی وجہ سے منصوبے کی لاگت ڈھائی ارب روپے بڑھ جائے گی۔

ذرائع کے مطابق منصوبے کے تین سیکشنز میں مجموعی طور پر 9 بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں امن چوک میں زیرزمین اسٹیشن کا قیام اور ارباب سکندر خان خلیل فلائی اوور کے ساتھ بی آرٹی کے لیے نئے فلائی اوور کی تعمیر بھی شامل ہیں ۔

اسی طرح سکیشن ٹو میں سی ایس ڈی کے قریب ائیرپورٹ کے لیے راستہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایف جی سکول کے سامنے بس سٹاپ کو امن چوک منتقل کردیا گیا ہے جب کہ تاتارا پارک اورتہکال میں بھی بس فلائی اوور سے گزاری جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

’منصوبہ 49 ارب روپے کی لاگت سے ہی مکمل کیا جائے گا‘

تاہم پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا اصرار ہے کہ منصوبہ 49 ارب روپے کی لاگت سے ہی مکمل کیا جائے گا۔ 

تاہم ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسرار الحق نے جیو نیوز کو بتایا کہ تبدیلی کا مقصد منصوبے کو مزیدبہتر بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تبدیلیوں سے منصوبے کی لاگت پر اثر نہیں پڑے گا اور اس کو 49ارب روپے میں ہی مکمل کیا جائے گا۔

اسرار الحق نے بتایا کہ کام کو جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں تاہم نہیں چاہتے کہ اس میں کوئی خامی رہ جائے۔

مزید خبریں :