Time 19 فروری ، 2018
انٹرٹینمنٹ

سلمان خان نے ایک اور فلم سے اریجیت سنگھ کا گانا نکلوا دیا

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے فلم ’ویلکم ٹو نیویارک‘ سے معروف گلوکار اریجیت سنگھ کا گانا نکلوا دیا۔

دبنگ خان نے فلمی دنیا کے کئی اداکاروں اور اداکاراؤں کے کیریئر کو کامیابی کی پٹڑی پر چڑھایا ہے جس میں کترینہ کیف، بوبی دیول، زرین خان سمیت کئی شامل ہیں۔

لیکن سلو میاں نے کئی اداکاروں کے کیریئر کو تباہ بھی کیا ہے جس میں ویویک اوبرائے سمیت کئی شامل ہیں۔

سلمان خان کا نشانہ اب بالی وڈ کے مشہور پلے بیک سنگر اریجیت سنگھ بنے ہیں اور ایک بار پھر انہوں نے فلم سے ان کا گیت نکلوادیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اپنی قریبی دوست اداکارہ سوناکشی سنہا کی فلم ’ویلکم ٹو نیویارک‘ سے اریجیت سنگھ کا گانا نکلوا دیا ہے۔

اریجیت نے فلم کے لیے ایک ری میکس ورژن گایا تھا جسے سن کر سلمان نے مسترد کردیا اور فلمساز سے گانے کو نکالنے کی ڈیمانڈ کی جس پر گانے کو فلم سے نکال دیا گیا ہے۔

سلمان خان کی خواہش پر ہی وہ گیت اب راحت فتح علی خان نے گایا ہے جسے فلم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سلمان خان نے اپنی فلم ’سلطان‘ سے بھی اریجیت سنگھ کی آواز میں گایا ہوا گیت ’جگ گھومیا‘ نکلوا دیا تھا اور اسے پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز میں فلم میں شامل کیا تھا۔

فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور ’ٹیوب لائٹ‘ سے بھی اریجیت سنگھ کی آواز میں گائے ہوئے گانے نکالنے کی بھی اطلاعات سامنے آئیں تھیں لیکن اس کی باقاعدہ کوئی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

واضح رہے کہ سلمان خان اور اریجیت سنگھ میں تنازع 2014 میں ایک ایوارڈ کی تقریب سے شروع ہوا تھا جہاں گلوکار نے سلومیاں پر طنز کے تیر برسائے تھے۔

مزید خبریں :