20 فروری ، 2018
ہالی وڈ اداکار سلویسٹر اسٹیلون کی موت کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں تاہم انگلش فلموں کے سپر ہیرو نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر اس کی تردید کردی ہے۔
سلویسٹر اسٹیلون ہالی وڈ فلموں میں ایکشن کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہیں۔
فلم ’ریمبو‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے سلویسٹر اسٹیلون کے حوالے سے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ وہ کینسر جیسے موذی مرض کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔
یہ خبر دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کے لیے حیران کن تھی اور وہ کچھ وقت کے لیے افسردہ بھی ہوئے۔
سلویسٹر اسٹیلوں کے مداح ان موت کی خبروں کی تصدیق کے حوالے سے فکرمند تھے تاہم اس حوالے سے خود ہی ’ریمبو‘ نے ان خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے اپنے زندہ ہونے کی خبر دی۔
سلویسٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ لوگ ان کی موت کے حوالے سے چلنی والی خبروں پر توجہ نہ دیں کیوں کہ وہ ابھی زندہ ہیں اور صحتمند زندگی گزار رہے ہیں۔
سلویسٹر کی جانب سے پیغام سامنے آنے کے بعد اس حوالے سے چلنی والی تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
یاد رہے کہ سلویسٹر اسٹیلون کی موت کے حوالے سے اس سے قبل بھی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں۔