Time 21 فروری ، 2018
پاکستان

آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن: سابق ڈائریکٹر ایل ڈی اے گرفتار


نیب نے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاوسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

نیب لاہور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق احد چیمہ کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کی اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے الزام میں طلب کیا گیا تھا اور انہیں متنبہ کیا گیا تھا کہ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف نیب آرڈینینس تحت کارروائی کی جائے گی۔

نیب کے مطابق احد چیمہ کو نیب نے 16 جنوری کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئَے جس پر اُن کے خلاف نیب آرڈینینس 1999ء کے شیڈول ٹو کے تحت کارروائی کی گئی۔

نیب اعلامیے کے مطابق پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 2015 میں ایل ڈی اے کو آشیانہ اقبال پروجیکٹ کا ٹھیکا دیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق احد چیمہ نے بطورڈی جی ایل ڈی اے ٹھیکا دینے میں اختیارات کا غلط استعمال کیا، احد چیمہ نے 14 ارب روپے کا آشیانہ اقبال پروجیکٹ کا ٹھیکا ایک کمپنی کو دیا، جس کمپنی کو ٹھیکا دیا گیا وہ اس کی اہل نہیں تھی، ٹھیکا پی پی پی ایکٹ 2014 میں خلاف ورزی کر کے دیا گیا۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے احد چیمہ کو گرفتار کر کے غیرمناسب کام کیا۔

ملک احمد خان نے کہا کہ بہت سی مثالیں موجود ہیں کہ سمن کے بعد پیش نہ ہونے والے افسران کو گرفتار نہیں کیا گیا، نیب کا نامناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں ہے۔

تاہم ترجمان نیب نے احد چیمہ کی گرفتاری سے متعلق پنجاب حکومت کے الزامات مسترد کر تے ہوئے کہا کہ احد چیمہ پر الزامات ثابت کرنے کے  لیے کافی ثبوت موجود ہیں۔

قومی احتساب بیورو کے مطابق احد چیمہ کو کل احتساب عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

مزید خبریں :