کھیل
Time 23 فروری ، 2018

پی ایس ایل 3: ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی: پاکستان سپر لیگ میں شامل نئی ٹیم ملتان سلطانز نے اپنے پہلے ہی میچ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔

ملتان کے کپتان شعیب ملک اور کمار سنگاکارا کی شاندار بیٹنگ نے ملتان سلطانز کو باآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔

سنگاکارا 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان شعیب ملک نے 42 رنز کی ناقابل شسکت اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کو چھ گیندوں پر چھ رنز درکار تھے تاہم کپتان شعیب ملک نے آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگاکر میچ ختم کردیا۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا۔

پشاور کی جانب سے محمد حفیظ 59 اور ڈیرن سیمی 29 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ملتان کے محمد عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19.1 اوورز میں ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

کامیابی کے بعد مین آف دی میچ قرار پانے والے کمار سنگاکارا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے ہر کھلاڑی نے بہترین کھیل پیش کیا خاص طور پر شعیب ملک کی پرفارمنس انتہائی اعلیٰ رہی، وہ عظیم کھلاڑی ہیں۔

سنگاکارا نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو جیت کے لیے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا کمبی نیشن چاہیے ہوتا ہے اور میرا خیال ہے کہ ملتان کے پاس یہ امتزاج موجود ہے، آئندہ میچز میں کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔

پشاور زلمی کی اننگز


ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر محمد عرفان اور سہیل تنویر نے پشاور کے کھلاڑیوں کو ابتداء ہی سے مشکل میں ڈالے رکھا۔

پشاور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

ملتان کے بولرز کے آگے پشاور کے محمد حفیظ ڈٹے رہے اور انہوں نے پشاور زلمی کو مکمل تباہی سے بچایا۔

پشاور کی ٹیم کو پہلا نقصان صرف چار رنز کے مجوعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب دوسرے اوور میں محمد عرفان کی گیند پر کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے۔









پشاور کی دوسری وکٹ تیسرے اوور کی تیسری گیند پر گری جب تمیم اقبال 11 رنز بناکر فاسٹ بولر محمد عرفان کا شکار بنے، اس وقت پشاور کا مجموعی اسکور صرف 22 رنز تھا۔









پشاور کو تیسرا نقصان 57 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب ڈوئن اسمتھ 24 رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔









زلمی کی چوتھی وکٹ 101 کے مجموعی اسکور پر گری جب حارث سہیل 14 رنز بناکر ہارڈس ولجوئین کی گیند پر سہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔









زلمی کی پانچویں وکٹ 132 کے مجموعی اسکور پر گری اور مزاحمت کرنے والے محمد حفیظ کو جنید خان نے 59 کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔









پشاور کی چھٹی وکٹ 150 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان سیمی 11 گیندوں پر 29 رنز بناکر سہیل تنویر کا شکار بن گئے۔

پی ایس ایل تھری کا پہلا اوور فاسٹ بولر سہیل تنویر نے کیا اور انہوں نے پہلی ہی گیند پر پشاور کے کھلاڑی تمیم اقبال کو پریشان کردیا۔









پی ایس ایل تھری کا پہلا چھکا پشاور زلمی کے ڈوئن اسمتھ نے عمران طاہر کو رسید کیا۔









ملتان سلطانز کی اننگز


ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا، ملتان کی پہلی وکٹ دوسرے اوورز میں 7 کے مجموعی اسکور پر گری جب احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔

ملتان کی دوسری وکٹ 54 کے مجوعی اسکور پر گری جب صہیب مقصود 21 رنز بناکر محمد اصغر کا شکار بن گئے۔

ملتان سلطانز کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کمار سنگاکارا 57 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 106 رنز تھا اور ملتان کو جیت کے لیے 31 گیندوں پر 46 رنز درکار تھے۔









تاہم اس کے بعد شعیب ملک نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان کو مزید کسی نقصان سے بچاتے ہوئے فتح سے ہمکنار کروادیا۔

مزید خبریں :